تعارف

       نام :    بلقیس اظہر 
   ولدیت :    سید بنیاد علی
   پیدائش :     1948-راولپنڈی پاکستان
میں مسز بلقیس اظہر تعلیم کے شعبے سے منسلک رہی ہوں ۔گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول نمبر۱ باغ سرداراں میں سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ کے عہدے تک کام کیا اور 36 سال کی سروس کے بعد وائس پرنسپل کے عہدے سے ریٹائر ہوئی۔
شعبہ تعلیم سے منسلک ہوتے ہی طالبات کو کورس کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دیتی رہی ۔ دعوت ِ اسلامی کی طالبات کو اصغر مال روڈ پر سات سال شریعت اور سُنّی عقائد کی تعلیم دی۔
 1986ء سے اپنے گھر میں ہر جمعہ کو درس کا سلسلہ شروع کیا جو الحمدللہ اب تک جاری ہے۔اس کے بعد مَیں نے اپنی ایک عورتوں کی جماعت ” جماعت عائشہؓ “کے نام سے بنا ئی۔ چونکہ قرآن پاک میں فلاح جماعت کے ساتھ مخصوص فرمائی گئی ہے-(سورہ آل عمران ،آیت نمبر104)
ترجمہ: ”  تم میں سے ایک جماعت ایسی ہونی چاہئے جو بھلائی کی طرف بُلائے اور نیک کاموں کا حکم کرے اور بُرے کاموں سے روکے ، اور یہی لوگ فلاح اور نجات پانے والے ہیں ”  ۔  
 جامع مسجد رَتّہ میں1990 سے ہر اتوار کو درس دیاجو اللہ کے فضل سے اب تک جاری ہے۔ 2000ء سے طالبات کو گرمیوںکی چھٹیوں میں درسِ نظامی کا تین ماہ کا مختصر کورس فی سبیل للہ کروانا شروع کیا جو اللہ کے فضل و کرم سے اَب تک جاری ہے۔
میرا تعلق چونکہ کم عمر طالبات اور ان عورتوں سے رہا ہے جو نہ تو موٹی موٹی کتابیں پڑھ سکتی ہیں اور نہ مشکل مسائل ان کی سمجھ میں آ سکتے ہیں اس لیے میں نے شروع ہی سے آسان مضامین ان طالبات اور عورتوں کے لیے لکھنے شروع کیے جس سے یہ عورتیں اور طالبات فائدہ اُٹھا رہی ہیں۔
اَب اِن آسان لکھے ہوئے مضامین کو کتابی شکل دے دی ہے تا کہ آئندہ آنے والی نسلیں ان سے فائدہ اُٹھا سکیں-
تمام پڑھنے والوں،سننے والوں اور عمل کرنے والوں سے میری درخواست ہے کہ مجھے ، اور اِن لوگوں کو جنہوں نے اِس کتاب کی لکھائی و اشاعت میں کوشش کی اپنی دعاؤں میں یاد کریں- میں باری تعالی کی شکرگزار ہوں کہ مختلف مضامین کا یہ مجموعہ جو کتابی شکل میں آپ کے ہاتھ میں موجود ہے ، محض اللہ تعالیٰ کے کرم اور اس کے احسان کا مرہونِ منت ہے اور بَس۔
 
                                                           

مسز بلقیس اظہرَِ
بی ایس سی،بی ایڈ
ایم اے پولیٹیکل سائنس
ایم اے اسلامیات